چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپشن، فراڈ، جھوٹ کے جرم میں سزا بھگتنی ہوگی، عطاتارڑ

0
172

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور میں مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا، چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپشن، فراڈ، جھوٹ کے جرم میں سزا بھگتنی ہوگی۔توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نہ صرف چوری کی بلکہ چوری پر سینہ زوری کی۔ عوامی نمائندوں کو الیکشن کمیشن کے پاس گوشواروں میں اثاثے ظاہر کرنا ہوتے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اثاثے چھپائے، ان کی چوری اور مِس ڈیکلریشن ثابت ہوئی، توشہ خانے کے تحائف کو بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 11 مہینے سے چلتا کیس کبھی نہ کبھی اپنے انجام کو پہنچنا تھا، جج صاحب نے واضح طور پر کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی صادق اور امین نہیں رہے۔(ن )لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں، انہیں کرپشن، فراڈ اور جھوٹ کے جرم میں سزا بھگتنی ہوگی۔عطا تارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہمیشہ تکنیکی بنیادوں پر اپنا کیس آگے لے کر چلتے ہیں، دوسروں پر الزام اور دیوار سے لگانے والے کے پاس آج اپنی صفائی میں کہنے کو کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تجوریاں بھریں، ان کی کرپشن اور نان ڈیکلریشن ثابت ہوئی ہے۔