ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کیلئے جامع ملک گیر پروگرام کے تحت فلٹر کلینک قائم کئے جائیں گے،وزیراعظم

0
181

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے لئے جامع ملک گیر پروگرام شروع کیاگیاہے جس کے تحت ملک بھر میں فلٹر کلینک قائم کئے جائیں گے،اس کیلئے وفاقی حکومت نے35 ارب روپے مختص کئے ہیں ،15 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے۔پیر کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز میرے لئے بے پناہ اطمینان کا دن تھا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر(پی کے ایل آئی) جس کا تصور 2015 میں پاکستان کے جان ہاپکنز (امریکی ادارے)کے طور پر کیا گیا تھا نے ایک سنگ میل عبور کیا۔ انہوںنے کہاکہ میں نے پی کے ایل آئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا تاکہ پی کے ایل آئی کی مدد سیے علم کی تخلیق، تحقیق اور اختراعات کے مرکز کے طور پر کام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے ایک جامع ملک گیر پروگرام بھی گزشتہ روز دوبارہ شروع کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں فلٹر کلینک قائم کیے جائیں گے جس کیلئے وفاقی حکومت نے35 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ 15 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے، یہ رقم غریبوں کے مفت علاج کے لئے فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر فیصل ڈار اورپی کے ایل آئی کے ڈاکٹروں، ماہرین اور عملے کے ساتھ ساتھ حکومتی عہدیداروں کو ان کی عظیم قومی خدمات پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پی کے ایل آئی کو قوم کا فخر بنائیں گے۔