اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت مختصر مدت کیلئے آئی ہے، بنیادی ذمہ داری انتخابات کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے، حکومتی نظام کارمیں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے، قواعد و ضوابط میں سنگین خلاف ورزی کی صورت میں مداخلت کااختیار حاصل ہے۔ منگل کو نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ آئین کے تحت نگران حکومت مختصر مدت کے لئے آئی ہے، اس کی بنیادی ذمہ داری انتخابات کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرنا اور نگرانی ہے اور یہ آئینی تقاضا ہے۔ نگران حکومت کے پاس روزمرہ حکومتی معاملات کی نگرانی کا اختیار ہے۔ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لا سکتے۔ معمول کی پالیسیوں پر عمل پیرارہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔قواعد و ضوابط میں سنگین خلاف ورزی کی صورت میں مداخلت کااختیار حاصل ہے۔ قومی اسمبلی آئینی مدت مکمل کرکے تحلیل ہو چکی ہے۔ الیکشن ابھی ہونے ہیں۔ پارلیمان کا ایوان بالا کام کررہا ہے جب تک قومی اسمبلی کاایوان نہیں آجاتا قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ تمام وزرا کی اپنی وزارتوں سے بریفنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے،آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کافیصلہ بریفنگ کی بنیاد پر کیاجائے گا۔