پروین رحمن قتل مقدمہ ، سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا

0
202

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے سماجی کارکن پروین رحمان قتل مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ کیس نمٹایا نہ جائے،دو جے آئی ٹیز بنی تھیں جنکی رپورٹس ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں کی گئیں۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے بعد درخواست گزار دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت وقت گزر چکا ہم چاہتے ہیں انصاف پر مبنی فیصلہ ہونا چاہئے۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سپریم کورٹ سندھ پولیس اہلکاروں کیخلاف کاروائی کا حکم دے ۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ سپریم کورٹ تحقیقاتی ایجنسی نہیں بن سکتی۔ عدالت نے کہاکہ مرکزی اپیل پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا،جے آئی ٹی رپورٹس 2 ہفتوں میں ٹرائل کورٹ میں جمع کرائی جائیں،ٹرائل کورٹ جے آئی ٹی رپورٹس پر جلد از جلد فیصلہ کرے،استغاثہ اور گواہان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے کیس نمٹا دیا ۔