سعودی عرب کی میزبانی میں کل جی سی سی کا بیالیسواں سربراہ اجلاس ہوگا

0
216

ریاض (این این آئی)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے سیکرٹری جنرل نایف فلاح مبارک الحجرف نے بتایا ہے کہ سعودی عرب 14 دسمبر کو خلیج عرب کے ممالک کے بیالیسویں سربراہ اجلاس کی میزبانی اور صدارت کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق نایف فلاح مبارک الحجرف نے جی سی سی کے بیالیسویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر مملکت کو مبارک باد دی اور کونسل کی گذشتہ اکتالیسویں صدارت کے دوران میں کونسل کے مقاصد واہداف کے حصول کے لیے بحرین کی عظیم کاوشوں پر اس کا شکریہ ادا کیا ۔سیکرٹری جنرل نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جی سی سی ممالک کے حالیہ دورہ کی بھی تعریف کی جس سے باہمی دوستی، محبت اور تعلقات کے رشتے مضبوط ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایسے دوروں سے جی سی سی ممالک کے رہ نماں اورشہریوں کے درمیان اتحادویگانگت کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے اورمختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملتا ہے۔الریاض میں ہونے والے سربراہ اجلاس سے قبل جی سی سی کے وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے اور جی سی سی کے شہریوں کی امنگوں کے مطابق کوشاں ہیں۔اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں مصری وزیر خارجہ سامع الشکری نے بھی شرکت کی۔نایف الحجرف نے بتایاکہ جی سی سی ممالک نے مصر کے ساتھ تعلقات اور ان میں اضافے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ خطے اور دنیا میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے جی سی سی ممالک اور مصر کے درمیان مشاورت جاری ہے۔اس موقع پر سامع الشکری نے کہا کہ مصر کے جی سی سی ممالک کے ساتھ متحد کرنے والے تعلقات تزویراتی نوعیت کے ہیں اورتمام امور پران کے ملک کا مقف کونسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس موقع پرکہا کہ جی سی سی سربراہ اجلاس میں خطے میں استحکام سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔