اسلام آباد (این این آئی)ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان کاکرپشن کے خلاف بیانیہ بھی دھوکا تھا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں 16 درجے آگے جانا صادق اور امین کا کمال ہے ،پہلے کے پی میں احتساب کمیشن کو تالا لگایا اور پھر ملک میں کرپشن بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا ، پشاور بی آر ٹی اور بلین ٹری میگا کرپشن کی کھلی داستان ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایل این جی کی خریداری میں تاخیر کرکے قوم کیاربوں روپے لوٹے گئے اور لوگوں پر مزید ٹیکس لگایا ۔ انہوںنے کہاکہ اب کرپشن بڑھنے کا ملبہ بھی کسی وزیر یا مشیر پر ڈال دیا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ عمران نے ملکی معیشت سے وابستہ ہر وزارت میں اپنے مالی سہولتکار بٹھائے ہیں، عمران نے ریکارڈ قرضے لیئے اور آج ہر پاکستانی تقریباً دو لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں اصل نااہل عمران احمد نیازی خود ہے۔