تہران(این این آئی)پوری دنیا مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان دھمکیوں کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس ماہ کے اوائل میں کیے گئے میزائل حملے کے بعد ایک ایرانی نقشہ میں اسرائیل کے اندر ممکنہ اہداف کو دکھایا گیا تھا۔ قدس فورس سے وابستہ ایک چینل نے اسرائیل کے ان حساس مقامات کا نقشہ شائع کیا جنہیں ایران کسی اسرائیلی حملے کے جواب میں نشانہ بنا سکتا ہے۔یہ نقشہ ٹیلی گرام پر پھیلایا گیا ہے۔ نقشہ میں کئی آئل پوائنٹس اور گیس فیلڈز دکھائے گئے ہیں جو ایرانی افواج کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ نقشے میں 14 مقامات دکھائے گئے ہیں جن کی تفصیل درج ہے۔کریش گیس فیلڈ جو اسرائیل کے ساحل سے 100 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرہ روم کے طاس کے علاقائی پانیوں میں واقع ہے۔تمر گیس فیلڈ اسرائیل کے جنوب میں بحیرہ روم کے ساحل پر اشدود شہر سے 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔لیویتھن گیس فیلڈ حیفہ کی بندرگاہ سے تقریبا 130 کلومیٹر دور ہے۔