قومی خزانے کو خسارے سے نقصان پہنچانے والے اداروں کی اصلاحات کا ترجیحی بنیادوں پر نفاذ یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

0
167

اسلام آباد(این این آئی) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ قومی خزانے کو خسارے سے نقصان پہنچانے والے اداروں کی اصلاحات کا ترجیحی بنیادوں پر نفاذ یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسٹیٹ اونڈ اینٹر پرائزز (SOEs) میں جاری اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو اداروں بشمول کارپوریشنز کی کارکردگی کے اعشاریے پیش کرنے کے ساتھ جاری اصلاحات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، انجینئر خرم دستگیر، خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اداروں کی بہتری اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس کے دور ان بتایاگیاکہ اسٹیٹـاونڈـاینٹرپرائزز میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے،جدید نظام اور بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ان اداروں کے بورڈز میں ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ خدمات کی آؤٹ سورسنگ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنزشپ میں شفافیت کے عنصر کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت یقینی بنائے گی کہ آئندہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پوری کوشش ہے کہ قومی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قومی خزانے کو خسارے سے نقصان پہنچانے والے اداروں کی اصلاحات کا ترجیحی بنیادوں پر نفاذ یقینی بنایا جائے ۔