سال نو اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے ایمان اور عزم کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے،صدر مملکت

0
207

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ سال نو اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے ایمان اور عزم کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے،معرکہ کربلا اسلامی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، جو ظلم کے مقابلے میں غیر متزلزل جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی مثال ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے ہجری سال نو 1445ھ /2023 ء کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ یکم محرم الحرام سے اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1445ھ کا آغاز ہو رہا ہے، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلامی اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت ہو، آمین۔انہوںنے کہاکہ اسلامی سال نو کا آغاز دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سال نو اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے ایمان اور عزم کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے،اس نئے ہجری سال کے آغاز پر ہم اِس بات کا عزم کرتے ہیں کہ اپنے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور اْنکی تعلیمات سے سبق حاصل کریں گے اور ان کے بتائے ہوئے درس حیات کو اپنی زندگیوں میں لاگو کریں۔انہوںنے کہاکہ اپنے معاشرے میں ہمدردی، انصاف، اتحاد اور رواداری کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے،یہ اقدار ہمارے اسلامی ورثے کا مرکز ہیں اور ہم آہنگی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔انہوںنے کہاکہ محرم اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور یہ ہماری روحانی زندگی میں ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے تاہم محرم ایک ایسا مہینہ بھی ہے جس میں ہم اپنے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے عظیم ساتھیوں کی معرکہ کربلا میں شہادت اور قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ معرکہ کربلا اسلامی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، جو ظلم کے مقابلے میں غیر متزلزل جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی مثال ہے، امام حسین رضی اللہ عنہ اپنے پیروکاروں کے چھوٹے گروہ کے ساتھ ناانصافی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور حق و انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ امام حسین کی قربانی ظلم کے خلاف کھڑے ہونے اور اسلام کی اقدار کے دفاع کی لازوال یاد دہانی ہے، یہ ہمیں بڑی مصیبت کے باوجود انصاف پر قائم رہنے کی اہمیت سکھاتا ہے۔ کربلا کے واقعات دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کو قربانی اور غیر متزلزل ایمان کے اقدار کو اپنانے پر آمادہ کرتا ہے