قرآن کریم کی بے حرمتی ، مولانا فضل الرحمن کا وزیراعظم کو ٹیلیفون،او آئی سی سے سخت اقدامات اٹھانے پر اتفاق

0
115

اسلام آباد (این این آئی)سویڈن میں قرآن کریم جلانے (شہید)کے معاملہ پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کہاہے کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی دنیا اپنے سفراء احتجاجاً سویڈن سے واپس بلائیں۔ ٹیلیفونک رابطہ میں دونوں رہنماؤں نے او آئی سی سے سخت اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا ۔ رہنمائوں نے متفقہ فیصلہ کیاکہ عالم اسلام تسلسل اور منصوبہ بندی سے اسلام اور شعائر اسلام کی توہین اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے گھناؤنے اور ناپاک عمل پر سخت نوٹس لے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کو فوری ہدایات جاری کردی ،اس معاملے پر خاموش نہیں رہینگے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ علماء اور خطباء سویڈن کے اس مکروہ فعل کی مذمت کریں اور عوام میں بیداری پیدا کریں۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مغرب نے ہمیشہ اسلام اور اہل اسلام کے مقدسات کی توہین کرکے دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ جے یو آئی کارکن ہر ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کریں۔