سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مسجد اقصی پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت

0
107

ریاض(این این آئی)سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں یہودی انتہا پسندوںکے مسجد اقصی پر دھاوے کی مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یواے ای کی وزارت خارجہ نے ایک بیان مین کہا کہ یروشلم (مقبوضہ بیت المقدس)میں مقدس مقام کومکمل تحفظ مہیا کیا جانا چاہیے۔اس نے وہاں ہونے والی سنگین اور اشتعال انگیز خلاف ورزیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ،اماراتی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کو روکیں اور خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کو بڑھاوا دینے سے گریز کریں۔ بیان میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایسے تمام طریقوں کو مسترد کرنے کی تصدیق کی گئی ہے جو بین الاقوامی جواز سے متعلق قراردادوں کے منافی ہیں اور مزید کشیدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔یہود نے مسجد اقصی پر یہ چڑھائی اپنے نئے سال روش ہاشناہ کے آغاز کے موقع پر کی ہے اور یہ ان کی روایت کے عین مطابق کی ہے۔متحدہ عرب امارات باقاعدگی سے ان تمام اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتا ہے جو فلسطینیوں کو متاثر کرتے ہیں یا تنازع کا شکار علاقے میں بدامنی کو ہوا دیتے ہیں حالانکہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان 2020 میں معاہدہ ابراہیم پر دست خط کے بعد سے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور انھوں نے 15 ستمبر کو اس کی تیسری سالگرہ منائی ہے۔