انوار الحق کاکڑ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات ، کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

0
191

نیویارک(این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادو ں پر عملدرآمد کرایا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال پاکستان میں سیلاب کے دوران ان کی غیر متزلزل حمایت اور بحالی و تعمیر نو کے فریم ورک (4آر ایف ) پر جنیوا کانفرنس کی مشترکہ میزبانی پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات کے پیش نظر ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے موسمیاتی مالیاتی وعدوں کی تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس کامقصد ملک کی مضبوط اقتصادی بحالی کے لئے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے اہداف کو تقویت دینے اور ایس ڈی جیز ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے تجویز کردہ اقدامات کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عالمی مالیاتی تبدیلی کے مطالبے کو سراہا۔ وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی اوریک طرفہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے پر زور دیا۔