انوارالحق کاکڑ کی بل گیٹس سے ملاقات،پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات، غذائیت اور مالیاتی شمولیت پر تبادلہ خیال

0
247

نیویارک(این این آئی)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہوگا،حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور دیگر ضروری صحت کی خدمات پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات، غذائیت اور مالیاتی شمولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ رواں سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نگران حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور دیگر ضروری صحت کی خدمات پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ بل گیٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خاص طور پر افغانستان کے ساتھ سرحد پار منتقلی کو روکنے اور جنوبی صوبہ خیبر پختونخواہ میں ویکسینیشن مہم جاری رکھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور نگران حکومت پر بھی اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے پاکستان میں غذائیت اور مالیاتی شمولیت کی کوششوں کو بہتر بنانے کے لیے جدت طرازی اور تسلیم شدہ طریقوں کو بڑھانے میں وزیر اعظم کو حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح ان ترجیحات میں بہتری صنفی مساوات کی کوششوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ خواتین اور لڑکیاں اپنی صحت، مالیات اور مستقبل کو ترجیح دے سکیں اور اپنے معاشروں میں رہنما بن سکیں۔