پی ٹی آئی رہنما علی ظفر کا الیکشن کمیشن حکام کو سینیٹ میں بلانے کا مطالبہ

0
161

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن حکام کو سینیٹ میں بلانے کا مطالبہ کر دیا۔سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حکام کو بلایا جائے اور جو مینڈیٹ چوری کیا اس کا پوچھا جائے۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، الیکشن کمیشن کے اعلان سے پولنگ ڈے تک پری پول دھاندلی ہوئی۔انہوںنے کہاکہ تحریکِ انصاف سے بلے کا نشان لے کر جمہوریت کو سب سے بڑا زخم دیا گیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ غلط ہے، پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے اور انقلاب کو روکنے سے انتشار آئے گا۔اس موقع پر ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتانا ہو گا کہ دھاندلی کیوں ہونے دی؟ انٹرنیٹ سروسز بند کرنے سے دنیا بھر میں بدنامی ہوئی، دن بھر تو ووٹنگ ہوئی رات کو کیوں نیٹ سروس بند رہی؟انہوںنے کہاکہ قانون کہتا ہے کہ آر او اعلان کرے گا لیکن اعلان نہیں کیا گیا، ہمارے بنائے قانون پر عمل نہیں ہوتا تو ہمیں گھر چلے جانا چاہیے، چیف الیکشن کمشنر نے میڈیا کو بریفنگ تک نہ دی، الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور انتخابی نشان چھینا گیا۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ پاکستان میں سنگ دلی روز بروز بڑھتی چلی جا رہی ہے، حبیب جالب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ” ظلم رہے اور امن بھی ہو، کیا ممکن ہے تم ہی کہو؟”۔انہوں نے کہا کہ احتساب کا خوف اور قانون کا ڈر ہی ختم ہو گیا ہے، نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام نے نتائج تسلیم کر لیے ہیں، نگراں وزیرِ اعظم کس جنت میں رہتے ہیں جنہیں حقائق کا علم نہیں؟