صوبہ ہزارہ تحریک کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

0
224

اسلام آباد(این این آئی)صوبہ ہزارہ تحریک نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہزارہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے ،صوبہ ہزارہ کا بل قومی اسمبلی سے منظور کیا جائے،کے پی کے اسمبلی سے صوبہ ہزارہ قرارداد پر فوری عمل کیا جائے ۔ جمعرات کو صوبہ ہزار تحریک کی جانب سے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنما سردار یوسف،مرتضی جاوید عباسی اور سینیٹر طلحہ محمود و دیگر شریک تھے ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ اس وعدے کو یاد کرانے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں جو سلیکٹڈ وزیراعظم نے کیا تھا،سلیکٹڈ وزیر اعظم یو ٹرن لے کر سو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ میں وزیراعظم بنا تو 90 دن میں صوبے بنا دوں گا،دو سال سے یہ معاملہ کمیٹی کے سرد خانے میں پڑا ہے،مسلم لیگ ن پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز اٹھائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ کے لوگوں کا پاکستان بنانے میں اعظیم الشان کردار ہے،آج پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ ہزارہ والوں کو ان کا حق دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف کا ہزارہ والوں سے گہرا تعلق ہے،مسلم لیگ ن تحریک صوبہ ہزارہ کے ساتھ ساتھ کھڑی ہے۔ جے یو آئی کے مفتی کفایت اللہ نے کہاکہ حق ملتا نہیں چھین کر لیا جاتا ہے ،جو قومیں قربانی دینا جانتی ہیں وہ اپنا حق لے لیتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بتایا جائے صوبہ ہزارہ بننے کیا رکاوٹیں درپیش ہیں ،عمران خان حکومت سے پہلے صوبہ بنانے کا وعدہ کرتا رہا ،حکومت میں کنٹینر والا عمران کہیں کھو گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے صوبہ میں انکم کے وسائل ہیں ،صوبہ ہمارا حق ہے ہم اپنا حق لیکر رہیں گے۔