شیخ رشید سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو

0
170

اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں سزا یافتہ شہریوں کی واپسی اور مجرمان کی حوالگی سے متعلق پاک برطانیہ معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ،ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیاکہ معاہدے دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہیں۔معاہدوں پر پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ باہمی معاہدوں سے تعلقات میں مزید وسعت اور مضبوطی آئیگی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہمارا بہترین قیمتی اثاثہ ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں بہت معاون ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات انتہائی دوستانہ اور ہمہ جہت ہیں،پاکستان کی افغانستان کے معاملے میں غیرملکی اور افغان شہریوں کے انخلاء میں معاونت قابل ستائیش ہے۔