شاہ محمودقریشی کی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن رہنماؤں سے تعاون کی درخواست

0
181

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے میں اپوزیشن جماعتوں سے مدد مانگ لی۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام سے علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالا قومی مفاد میں آئینی ترمیم پر اتحاد ضروری ہے لہذا اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب صوبے کو حقیقت بنانے میں ساتھ دیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بحیثیت جماعت جنوبی پنجاب بطور آزاد صوبہ تسلیم کرانے پر کام جاری ہے اور ساتھ ہی اصلاحات کے ذریعے، ہماری توجہ سماجی اور اقتصادی ترقی ہے۔انہوں نے ٹوئٹ میں واضح کیا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے تحت جنوبی پنجاب سول سیکریٹریٹ اصلاحات کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ضلعی ترقیاتی رابطہ کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں، ہمیں مل کر جنوبی پنجاب کے قیام کیلیے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے حاصل کرنا چاہیے، اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کو مقدم رکھیں۔