اقوا م متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی روس سے فوجیں واپس بلانے کی اپیل

0
268

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے یوکرین پر روس کے حملے اپنے پانچ سالہ دور کا افسوناک ترین لمحہ قرار دیتے ہوئے ولادیمیر پیوٹن سے اپنی فوج واپس بلانے کی اپیل کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے آغاز میں روسی صدرسے فوری اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے نام پر، اپنے فوجیوں کو روس واپس بلائیںتاہم اجلاس کے دوران ہی ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے اعلان کردیا گیا کہ وہ مشرقی یوکرین میں ‘خصوصی فوجی آپریشن’ شروع کر رہے ہیں۔بعد ازاں انتونیو گوتیرس نے روسی صدر پر زور دیا کہ وہ اپنی فوجیں واپس بلا لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کے نام پر، یورپ میں جنگ شروع ہونے نہ دیں جو صدی کے آغاز سے اب تک کی بدترین جنگ ہو سکتی ہے، جس کے نتائج صرف یوکرین کے لیے تباہ کن نہیں بلکہ روسی فیڈریشن کے لیے بھی المناک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی معیشت پر اس جنگ کے اثرات کے نتائج کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتے۔انتونیو گوتیرس نے کہا کہ جنگ سے اموات ہوں گی، لوگ بے گھر ہو جائیں گے اور مستقبل میں امید کھو دیں گے، روس کے اقدامات سے عالمی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ اس جنگ کا کوئی مقصد نہیں ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے اور اگر یہ نہ روکی گئی تو اس سے ایک سطح تک تکلیف پہنچے گی جس کا سامنا یورپ نے کم از کم 1990 کی دہائی بلقان کا بحران کے بعد سے نہیں کیا۔