ریڈیو پاکستان کے سینئر آرٹسٹ ہمارا اثاثہ ہیں، وزیر اطلاعات

0
173

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ ریڈیو پاکستان کے سینئر آرٹسٹ ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں ان کے ہنر اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیے ، سینئر آرٹسٹوں کے بغیر ہماری ڈائمنڈ جوبلی کی تقاریب مکمل نہیں ہوتیں۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام قیام پاکستان اور ریڈیو پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ریڈیو پاکستان کے سینئر فنکاروں، صداکاروں، لکھاریوں، شاعروں، موسیقاروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق والے افراد کو خاص طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہاہک ریڈیو اور پاکستان کا جنم ساتھ ساتھ ہوا، ریڈیو پیارے پاکستان کی آواز اور پاکستانیت کی علامت ہے،ریڈیو نے معاشرے میں اعتدال پسند رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، ریڈیو کے کردار میں کمی سے معاشرے میں انتہا پسند رویے بڑھے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کے سینئر آرٹسٹ ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں ان کے ہنر اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سینئر آرٹسٹوں کے بغیر ہماری ڈائمنڈ جوبلی کی تقاریب مکمل نہیں ہوتیں۔وزیر اطلاعات نے مختلف کیٹیگریز میں منتخب ہونے والے افراد کو ایوارڈز بھی دئیے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے سینئر آرٹسٹوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں قیام پاکستان سے اب تک ریڈیو پاکستان پر چلنے والے قومی ترانے، ملی نغموں کی جھلکیاں پیش کی گئیں اور خصوصی پرفامنسز بھی پیش کی گئیں ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر ریڈیو پاکستان کی انتطامیہ اور سینئر آرٹسٹوں کو پاکستان کی سالگرہ کی مبارک پیش کی۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو سہیل علی خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔