آئی ایم ایف کا پاکستان کیلئے اہم شراکت داروں کے مالیاتی اعلانات کا خیر مقدم

0
324

اسلاام آباد (این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے دو طرفہ شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کو اہم مالی امداد کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف مشن پاکستان کے سربراہ نیتھن پورٹر نے کہا کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے عملے اور انتظامیہ کے درمیان ملاقاتوں کے دوران مضبوط پالیسیوں کو برقرار رکھنے اور حکام کی عمل درآمد کی کوششوں میں مدد کیلئے خاطر خواہ مالی اعانت فراہم کرنے کی ضرورت پر اتفاق ہوا۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف ان کوششوں کی حمایت کر رہا ہے اور فنڈ سہولت کے نویں جائزے کی کامیاب تکمیل کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے جلد از جلد ضروری مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنے کا منتظر ہے۔خیال رہے کہ اسحٰق ڈار نے بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا، اس تصدیق سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول میں حائل ایک اہم رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ چین نے بھی پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر فراہم کر دیئے ہیںجو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے رول اوور قرض کی آخری قسط ہے۔دوسری جانب آئی ایم ایف نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے باہمی عطیات دہندگان کے ساتھ ساتھ کام کررہا ہے تاکہ یہ بات یقینی بنائی جاسکے کہ اسلام آباد کو وہ مالی مدد ملے جو اسے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے درکار ہے۔