ملیریا پرقابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،چیئر مین سینٹ

0
49

اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملیریا پرقابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،ملیریا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت بھی ہو گی۔جمعرات کوملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ملیریا سے آگاہی اور اس سے نمٹنے کے لیے موثر حل تلاش کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، ملیریا ایک قابل علاج بیماری ہے، لیکن اس کے کنٹرول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحت سے متعلق عالمی معاہدوں کے دستخط کنندہ کے طور پر ملیریا پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہے،ملیریا کے عالمی دن پر، سینیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے ملیریا کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے اپنے عزم میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملیریا پوری دنیا میں کمیونٹیز کیلئے خطرہ بن رہا ہے،خاص طور پر ان خطوں میں جہاں صحت کی دیکھ بھال اور وسائل تک رسائی محدود ہے، ہم مل کر ایسے اقدامات اٹھا سکتے ہیں جہاں کوئی بھی ملیریا کا شکار نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اس اہم دن پر ملیریا کے خاتمے کیلئے اپنی عہد کی تجدید کریں ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملیریا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت بھی ہو گی۔