نامور میزبان ‘شاعر وادیب طارق عزیز کی پہلی برسی منائی گئی

0
218

لاہو ر( این این آئی) نامور میزبان ، صداکار،اداکار، شاعر، ادیب طارق عزیز کی پہلی برسی گزشتہ روز منائی گئی ۔ لیجنڈ طارق عزیز 28 اپریل 1936 کو بھارتی پنجاب کے شہر جالندھرمیں پیدا ہوئے۔والد میاں عبد العزیز پاکستانی 1947 میں پاکستان ہجرت کر آئے جن کی پاکستان سے والہانہ محبت اور لگائو کا یہ عالم تھا کہ وہ پاکستان بننے سے پہلے ہی اپنے نام کے ساتھ پاکستانی لکھتے تھے، پاکستان آ کر میاں عبدالعزیز نے ساہیوال میں سکونت اختیار کی اور وہیں سے اپنا ایک اخبار نکالا، جہاں منیر نیازی اور مجید امجد سمیت کئی بڑے شعرا ء کا آنا جانا ہوتا اور اسی توسط سے طارق عزیز بھی ان سے خاصا شغف رکھنے لگے۔ طارق عزیز کا بچپن ساہیوال میں گزارا اور وہیں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی۔بعدازاں شعرو ادب اور ابلاغ سے جبلی لگا ئومستقبل کے لیجنڈ کو لاہور کھینچ لایا، جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا، کچھ ہی عرصہ میں ان کی صداکاری کی ہر طرف دھوم مچ گئی، جس کی ایک واضح مثال پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے مرد انائونسر کا اعزاز بھی ہے