حکومت نے بجٹ میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا، فرخ حبیب

0
280

اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مالی سال 2021-22 بجٹ میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا،پہلی مرتبہ 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ اپنے بیان میں وزیرمملکت نے کہاکہ بلاول صاحب، عوام آپ کی اصلیت جان چکی ہے، بجٹ کے جھوٹے اعدادوشمار بتانا آپ کا شیوہ بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مالی سال 2021-22 بجٹ میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا، عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلی مرتبہ 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ فرخ حبیب نے بتایاکہ اس اقدام سے تقریبا اڑھائی کروڑ لوگ معاشی طور پر مستحکم ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول صاحب بتائیں کہ این ایف سی سے ملنے والے 1600 ارب سے زائد کے فنڈزکہاں استعمال ہوئے؟،حکومت نے قوت خرید میں اضافے کے لئے بے مثال اقدامات اٹھائے۔ انہوںنے کہاکہ سالانہ فی کس آمدن 186000 سے 246000 ہو گئی ہے، انہوںنے کہاکہ مہنگائی کا واویلا کرنے والے بلاول بتائیں سندھ کی عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے رحم و کرم پر کیوں چھوڑ دیا ہے؟۔ انہوںنے کہاکہ کراچی اور سندھ کے عوام کو گرانفروش مافیا کے ہاتھوں کتنے میں فروخت کیا، بلاول زرداری کی شناخت جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور لوٹ مار بن چکی ہے۔