امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ ڈیل کی لیکس، واشنگٹن کی تردید

0
200

تہران (این این آئی)ایران کے انٹرنیشنل چینل نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان آئندہ ہونے والے معاہدے کی کچھ معلومات جاری کی ہیں۔ یہ معلومات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب دوسری طرف امریکا اور یورپی یونین کے ایرانی ردعمل کا مطالعہ مکمل کرنے کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے اور اس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن نے 17 بینکوں پر سے پابندیاں ہٹانے اور جنوبی کوریا میں منجمد 7 ارب ڈالر مالیت کے ایرانی اثاثوں کو جاری کرنے پر اتفاق کیا ۔ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ واشنگٹن نے ایران کے 155 اداروں پر پابندیاں نرم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور تہران کو 120 دنوں کے اندر 50 ملین بیرل تیل فروخت کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان متوقع معاہدے کے نتیجے میں قیدیوں کا تبادلہ ہوگا۔انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان متوقع ڈیل 4 ماہ کے اندر نافذ ہو جائے گی۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے ‘رعایتوں’ کی خبریں مکمل طور پر غلط ہیں۔ایکسیز ویب سائٹ کے مطابق امریکی حکومت کے ترجمان نے ایرانی چینل کے دعووں کو قطعی طورپربے بنیاد اورمن گھڑت قرار دیا۔