مولانا اسد محمود اور ڈی جی پاکستان پوسٹ کی ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین سے ملاقات

0
179

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مواصلات اسد محمود اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر نے ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) مساہیکو میٹوکی سے سوئٹزرلینڈ کے شہر برن میں یو پی یو ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ وئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت وفد کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات اسد محمود کی قیادت میں پاکستان کا وفد ڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین کی خصوصی دعوت پر یو پی یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کر رہا ہے۔ یو پی یو کی کونسل آف ایڈمنسٹریشن (سی اے) کے سالانہ اجلاس کے دوران یو پی یو کے ڈائریکٹر جنرل مساہیکو میٹوکی اور پاکستان کے وفد کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی۔ڈائریکٹر جنرل یو پی یو نے پوری تاریخ میں یو پی یو کی سرگرمیوں میں پاکستان کے متحرک کردار کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر 2016ـ2021 کے دوران سی اے کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان کے مثبت کردار پر زور دیا۔ ڈائریکٹر جنرل یو پی یو نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ جناب مشاہیکو میتوکی نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کو علاقائی ترقیاتی پروگرام (آر ڈی پی) اور ملٹی پل انفراسٹرکچر پروگرام (ایم آئی پی) میں ترجیحی ملک کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ یو پی یو اپنے کوالٹی آف سروس اور ریجنل ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے پاکستان پوسٹ کی بڑے پیمانے پر مدد کرے گا۔ وفاقی وزیر نے یو پی یو پروڈکٹ آئی ایف ایس کو اپنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، خاص طور پر اس کے گھریلو مالیاتی خدمات کے ماڈیولز میں، جس پر ڈائریکٹر جنرل یو پی یو نے برن میں افسران کو مفت تربیت فراہم کرکے پاکستان پوسٹ کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے جس میں آئی ایف ایس ماڈیولز پر کلیدی توجہ کے ساتھ ساتھ فیلڈ یونٹس میں آئی ایف ایس کے نفاذ کے حوالے سے اعزازی کنسلٹنسی سپورٹ بھی شامل ہے۔پاکستانی وفد نے یو پی یو کے مطابق پاکستان پوسٹ کو جدید اور جدت طراز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔