افغانستان میں شدید بارشیں،70افرادہلاک

0
62

کابل(این این آئی)افغان حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں تقریبا 70 افراد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ترجمان جانان صائق نے کہا کہ ہفتہ اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں تقریبا 70 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 56 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ 2600 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا اور 95ہزار ایکڑ پر پھیلی فصل تباہ ہو گئی۔جانان صائق نے کہا کہ اس دوران زیادہ تر ہلاکتیں شدید بارشوں کے نتیجے میں چھتیں گرنے سے ہوئیں۔شدید بارشوں نے پاکستان کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور درجنوں افراد کی اموات ہوئیں کیونکہ اس بار ہر سال ہونے والی بارش کے مقابلے میں تقریبا دوگنی بارش ہوئی۔