بنی گالہ ، اساتذہ پر پولیس کی شدید شیلنگ ، بیس سے زائد گرفتار

0
263

اسلام آباد(این این آئی) بنی گالہ میں احتجاج کے لئے آنے والے پنجاب کے سرکاری اساتذہ پر پولیس نے شدید شیلنگ کی اور بیس سے زائد گرفتار کرلئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اساتذہ مطالبات کے حق میں بنی گالہ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے کے لیے آنے والوں پر پولیس نے شدید شیلنگ کی ،اس کے علاوہ پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات رہی، وزیراعظم کی رہائش گاہ جانے والا راستہ سیل کردیا گیا۔پولیس کی جانب سے شیلنگ اور راستے بند کرنے کے بعد اساتذہ نے بہارہ کہو روڈ پر احتجاج شروع کردیاجس کی وجہ سے مری اور کشمیر سے آنے والی ٹریفک کا نظام بڑی طرح متاثر ہوئی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں 7 برس سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقلی پبلک سروس کمیشن کا امتحان اور انٹرویو پاس کرنے سے مشروط کردی گئی جو ناانصافی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود پنجاب حکومت کو سیکنڈری اسکول ایجوکیٹرز کی غیر مشروط ریگولرائزیشن کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا فی الفور حکم دیں تاکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ مطمئن ہو کر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔بعدازاں دھرنے پر بیٹھے اساتذہ نے اپنے گرفتارساتھیوں کو چھوڑنے کی شرط پر سڑک سے اٹھ کر بنی گالہ روڈ پر آنے پر آمادگی ظاہر کی۔ ڈی سی اسلام آباد نے گرفتار استاتذہ کو رہا کرنے کی یقین دھانی کروائی جس کے بعد مظاہرین مری روڈ سے اٹھ کرکورنگ روڈ پر دھرنا دینے کیلئے آمادہ ہوگئے۔