وزیر خارجہ کا متحدہ عرب امارات کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل

0
228

اسلام آباد(این این آئی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اٹھارہ دسمبر دوہزار بیس کو متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر، وزیراعظم اور دوبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد راشد المختوم اور ‘یو۔اے۔ای’ کے وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی گرینڈ مسجد میں ‘یو۔اے۔ای’ کے بانی عزت مآب مرحوم شیخ زید بن سلطان آل نہیان کے مزار پر گئے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے نماز جمعہ بھی گرینڈ مسجد میں ادا کی۔ اپنے قیام کے دوران وزیرخارجہ نے دوبئی میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کا بھی دورہ کیا اور مقامی وعالمی میڈیا سے گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ‘یو۔اے۔ای’ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات دوطرفہ اعلی سطحی دوروں سے نمایاں ہیں جو دوطرفہ قریبی تعاون کی رفتار مزید تیز کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوتے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبہ جات میں متعدد معاہدات کئے جو باہمی طورپر مفید شراکت داری کے فروغ کے لئے مضبوط ضابطہ کار فراہم کرتے ہیں۔ دونوں ممالک عالمی اداروں خاص طورپر اسلامی ممالک میں تعاون کی تنظیم (او۔آئی۔سی) میں قریبی اشتراک عمل پر کاربند ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے سے پاکستان اور ‘یو۔اے۔ای’ کو ایک اور موقع ملا کہ وہ اپنے تعلقات کو خاص طورپر تجارت، سرماریہ کاری کے شعبہ جات میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کریں، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں اور عالمی سطح پر تعاون کو مزید گہرا بنائیں۔ دونوں ممالک کی ترقی اور ان کی خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے کے دوران اطراف نے ‘یو۔اے۔ای’ کے کامیابی کی مثال بن کر ابھرنے میں پاکستانیوں کے مثبت کردار اور کاوشوں کا اعتراف کیا۔ ‘یو۔اے۔ای’ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد مل کر دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کا ایک مضبوط پْل قائم کرتی ہے۔ اسی طرح اطراف نے عوامی روابط کی مزید حوصلہ افزائی کے لئے مناسب اقدامات کے لئے غور پر اتفاق کیا۔ وزیرخارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور ‘یو۔اے۔ای’ کے درمیان دہائیوں پر محیط قریبی اور خوشگوار تعلقات کا مظہر ہے۔